
بانڈی پورہ، 1 جولائی:سنٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کی تیسری بٹالین نے آج ضلع بانڈی پورہ کے علاقے ناتھ پورہ میں سِوک ایکشن پروگرام (Civic Action Programme) کے تحت دو مفت طبی کیمپوں کا انعقاد کیا، جسے مقامی لوگوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کے تحت ناتھ پورہ کے دو علاقوں، راتھر محلہ اور وانی محلہ میں یہ کیمپس منعقد کیے گئے، جہاں مجموعی طور پر 607 افراد نے مفت طبی معائنے اور ادویات سے استفادہ حاصل کیا۔ مستفید ہونے والوں میں ناتھ پورہ اور ملحقہ دیہات کے رہائشی شامل تھے۔
ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے موقع پر موجود لوگوں کا عمومی طبی معائنہ کیا، ابتدائی علاج فراہم کیا اور لازمی ادویات مفت تقسیم کیں۔
اس موقع پر تیسری بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر شری وِمل پنوار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“یہ طبی کیمپ ان علاقوں میں منعقد کیا گیا ہے جہاں صحت کی سہولیات محدود یا ناپید ہیں۔ ہمارا مقصد صرف سیکورٹی فراہم کرنا نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود میں بھی کردار ادا کرنا ہے۔”
مقامی افراد نے کیمپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“ہم سی آر پی ایف کی تیسری بٹالین کے بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے پسماندہ گاؤں میں مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا۔ ہم میں سے کئی لوگ مہنگے علاج یا دور دراز اسپتال جانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔”
یہ کیمپ سی آر پی ایف کی انسان دوستی اور عوامی خدمت سے وابستگی کا عکاس ہے، جو فورس کے کردار کو محض سیکورٹی تک محدود نہیں رکھتا بلکہ سماجی فلاح و بہبود اور ترقی کے فروغ میں بھی واضح انداز میں ظاہر کرتا ہے۔
The post سی آر پی ایف کی تیسری بٹالین کی جانب سے ناتھ پورہ، بانڈی پورہ میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد appeared first on AMAZING TV – News from Punjab, India & Around the World.
[